اسلام آباد(اوصاف نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ کو منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں جدید موبائل انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کا کہنا ہے کہ مؤثر اور تیز رفتار کنیکٹیویٹی کے بغیر ڈیجیٹل پاکستان کا وژن مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فائیو جی آکشن کے بعد انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار سے متعلق مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مارکیٹ میں تقریباً 40 ہزار روپے کی قیمت میں بھی فائیو جی موبائل فون دستیاب ہیں، جبکہ مختلف موبائل کمپنیاں صارفین کو اقساط پر اسمارٹ فون فراہم کرنے کی سہولت بھی متعارف کرا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔
پی ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ عامر شہزاد کے مطابق دنیا کے 101 ممالک فائیو جی سروس متعارف کرا چکے ہیں اور پاکستان میں سپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ کو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث کنیکٹیویٹی متاثر ہوتی ہے، تاہم نئے سپیکٹرم کے اجرا سے سروس کے معیار میں بہتری متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف کے 3 سینئر رہنمائوں کی ضمانت منظور، بڑی خبر


