مری (اوصاف نیوز) پاکستان کے مشہور ترین تفریحی مقام مری آنے والے سیاحوں کو اب بہت سی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مری پاکستان کے مشہور تفریحی مقامات میں سے ایک ہے۔ ہر سال ملک اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں سیاح مری کا رخ کرتے ہیں۔ اس لیے مقامی انتظامیہ نے سیاحوں کو بہت سی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔
مری میں سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی “سیف ٹورازم ایپ” کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے اب سیاح ڈی پی او مری سمیت تمام انتظامی اداروں تک صرف ایک کلک پر رسائی حاصل کر سکیں گے۔
ہنگامی صورتحال میں ریسکیو، ٹریفک پولیس اور مقامی پولیس سے فوری رابطہ ممکن ہوسکے گا جبکہ خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔
مصنوعی ذہانت سے لیس ایک لائیو چیٹ بوٹ چوبیس گھنٹے رہنمائی فراہم کرے گا اور سیاح اپنی شکایات براہ راست واٹس ایپ پر “ٹیکسٹ ٹو ڈی پی او” فیچر کے تحت درج کر سکیں گے۔
ایپ میں رواں موسم کی تازہ ترین معلومات، ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال، راستے کی تلاش، اور سمارٹ ٹورازم ڈائرکٹری جیسی خصوصیات شامل ہیں، جس کے ذریعے ہوٹلوں، ہسپتالوں اور ورکشاپس کے لائیو مقامات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:پی اے اے کا اہم اعلان، پروازوں کے حوالے سے جانیں تفصیلات




