Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی چشمہ یونٹ 5 کے سیف گارڈز معاہدے کی متفقہ منظوری

اسلام آباد (رضوان عباسی )پاکستان کو نیوکلیئر سفارتکاری کے میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرز نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ 5 کے لیے سیف گارڈز معاہدے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے۔

حکام کے مطابق یہ پیش رفت عالمی برادری کے پاکستان کے پرامن ایٹمی پروگرام پر اعتماد کا اظہار ہے۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کا نیا یونٹ 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھے گا اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2030 تک مکمل ہو کر کام شروع کر دے گا۔

نیا یونٹ قومی گرڈ میں کم کاربن بجلی شامل کرے گا جس سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور ماحولیاتی اہداف کے حصول میں بھی معاونت ملے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کی توانائی سلامتی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اس وقت پاکستان میں 6 جوہری بجلی گھر کام کر رہے ہیں جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3530 میگاواٹ ہے۔ گزشتہ سال قومی بجلی پیداوار میں نیوکلیئر توانائی کا حصہ 18.3 فیصد رہا جبکہ کم کاربن بجلی پیداوار میں اس کا حصہ 34 فیصد تک پہنچ گیا۔

حکام کے مطابق پاکستان کو جوہری بجلی گھروں کے محفوظ آپریشن کا 100 ری ایکٹر سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور تمام تنصیبات عالمی معیار کے مطابق کام کر رہی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی اے ای اے کی منظوری نہ صرف توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے ذمہ دارانہ جوہری طرزِ عمل کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں‌:مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، صبح 9 بجے کے بعد گیس بند

یہ بھی پڑھیں