اسلام آباد (اوصاف نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعہ کو یہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وزارت پیٹرولیم نے اجلاس کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ جو بھی پیٹرول پمپ مصنوعی قلت کے اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہے اسے فی الفور بند کیا جائے اور اس کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو ان کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لائحہ عمل اور ایکشن پلان تیار کریں۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت پر ڈیش بورڈ بنانے کی بھی ہدایت کی جس کے ذریعے صوبوں کے ساتھ حقیقی وقت میں ڈیٹا شیئر کیا جاسکے گا اور پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل پر نظر رکھی جاسکے گی۔
مزید پڑھیں:دفاتر اور تعلیمی اداروں کے اوقات میں کمی کا پلان تیار



