اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بے نظیر کفالت پروگرام کی رقم میں ضرورت مندوں کے لیے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کفالت پروگرام کی رقم بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی سے مالی امداد حاصل کرنے والے شہریوں کو آج خوشخبری سنائی کہ اب انہیں بھیجی جانے والی رقم میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ روبینہ خالد نے اس حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی سے امداد حاصل کرنے والے شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سہ ماہی سے بے نظیر کفالت پروگرام کی رقم 13,500 روپے سے بڑھا کر 14,500 روپے کر دی گئی ہے، لہٰذا اپنی 14,500 روپے کی قسط گن کر جمع کریں۔
اگر رقم پوری نہ ملے تو شکایت کیسے درج کی جائے؟
اگر آپ کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پیسے کم مل رہے ہیں تو آپ آسانی سے شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ اس کے لیے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر جائیں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا کسی ذمہ دار کو وظیفہ میں کٹوتی کے بارے میں مطلع کریں، پھر چھوٹی موٹی چوری کی شکایت کے لیے فارم طلب کریں۔
فارم پر اپنا نام، CNIC نمبر، موبائل نمبر، رقم جمع کرنے کی جگہ اور کٹوتی کی تفصیلات درج کریں۔
اس کے بعد آپ نے جو شکایت درج کروائی ہے اس کی جانچ کی جائے گی، اگر شکایت درست ہے تو متعلقہ بینک کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ رقم کاٹنے والے ایجنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ کارروائی مکمل ہونے پر، آپ کی کٹوتی کی گئی رقم واپس کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 0800-26477 پر رابطہ کریں۔
شکایت درج کرانے سے پہلے اہم ہدایات
شکایت درج کروانے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ اور موبائل نمبر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام تحصیل آفس لے جانا نہ بھولیں۔ اگر آپ شکایت فارم خود نہیں پُر کر سکتے ہیں تو دفتر کے عملے سے مدد لیں۔
مزید پڑھیں:آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، جانیںنمبر ون بولر کون ؟

