کراچی (نیوز ڈیسک) رنگ برنگی اور فینسی نمبر پلیٹس رکھنے والے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے مالکان ہوشیار رہیں، کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں رنگ برنگی اور فینسی نمبر پلیٹس لگانے والے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اب ایسی گاڑیاں دیکھنے پر فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ٹریفک حکام کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اور فینسی نمبر پلیٹس سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق زیادہ تر ملزمان واردات کے دوران اپنی شناخت چھپانے کے لیے غیر رجسٹرڈ اور فینسی پلیٹس کا استعمال کرتے ہیں۔ لاکھوں چالان جاری ہونے کے باوجود شہری مسلسل لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کے بعد اب سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اب صرف چالان کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ضبط کی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
نمبر پلیٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی یا نام نہاد فینسی پلیٹس کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جاری کردہ سرکاری نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں بصورت دیگر سڑکوں پر موجود ٹریفک اہلکار موقع پر ہی گاڑیوں کو ضبط کر لیں گے۔
مزید پڑھیں:معروف ٹک ٹاکر کے خلاف بڑا عدالتی فیصلہ سامنے آ گیا
