اسلام آباد (اوصاف نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کیلئے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے، حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی، جس قدر ممکن ہو سکا، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپیہ کی خطیر رقم، مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر کے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائے۔
شہابز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن ان کے اپنے نام کرانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں، اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا اور ان کے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دیئے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں:امریکا اور اسرائیل کےبعد ایک اور ملک نے ایران سے جنگ کااعلان کردیا !بڑی خبر
