Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

آئی پی ایل کے مہنگے ترین آل راؤنڈر پر بڑا ایکشن، بولنگ پر پابندی عائد

ممبئی (اسپورٹس ڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اس وقت ایک غیر معمولی صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے جہاں کیمرون گرین جیسے مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی پر بولنگ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس نے نہ صرف شائقین بلکہ بھارتی میڈیا میں بھی کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر کی نان باؤلنگ نے ٹورنامنٹ کے دوران خاصی توجہ مبذول کرائی ہے۔

یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن میں کیمرون گرین کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے تقریباً 25.2 کروڑ بھارتی روپے میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا، جس کے بعد وہ مجموعی طور پر تیسرے اور سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے تھے۔ تاہم ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انہوں نے خود کو صرف بیٹنگ تک محدود رکھا اور ایک اوور بھی نہیں کروایا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے احتیاطی بنیادوں پر اپنے اسٹار کھلاڑی کو باؤلنگ سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی ٹیم کے لیے بھرپور کردار ادا نہیں کر پا رہے ہیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا جب ان کی خدمات کے حصول کے لیے خطیر رقم خرچ کی گئی اور ان سے ہمہ جہت کارکردگی کی توقع کی جا رہی تھی۔

اس ہائی اسکورنگ میچ میں شکست کے بعد جب ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تو کیمرون گرین کی بولنگ میں کمی کو موضوع بحث بنایا گیا۔ اس حوالے سے جب کپتان اجنکیا رہانے سے پوچھا گیا تو انہوں نے اس معاملے کو براہ راست کرکٹ آسٹریلیا کی پالیسی سے جوڑ دیا اور مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے وضاحت کی کہ کھلاڑی کو کمر کے نچلے حصے میں درد کی وجہ سے عارضی طور پر بولنگ سے روک دیا گیا ہے تاکہ چوٹ مزید سنگین نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا تھا اور متعلقہ فرنچائز کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔ کیمرون گرین اس وقت ہندوستان میں اپنی باؤلنگ بوجھ کو متوازن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق امکان ہے کہ وہ آئندہ دس سے بارہ روز میں دوبارہ باؤلنگ کے لیے دستیاب ہوں گے جس کے بعد ٹیم ان کی بھرپور خدمات سے استفادہ کر سکے گی۔
مزید پڑھیں‌:آسٹریلیا میں سرخ آندھی، آسمان خونی ہوگیا

یہ بھی پڑھیں