اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے” آئس کریم “کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے دو بڑی کمپنیوں سے مجموعی طور پر 35 ملین روپے جرمانہ وصول کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کمیشن نےیونی لیورپاکستان اور فریزر لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان کے خلاف کارروائی کی تھی، جن پر فروزن ڈیزرٹ کو “آئس کریم” ظاہر کر کے گمراہ کن اشتہارات چلانے کا الزام تھا۔
سی سی پی کے مطابق یہ اقدام کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس کے تحت صارفین کو غلط معلومات فراہم کرنا قابلِ سزا ہے۔
کمیشن کا حکم اپیلیٹ ٹریبونل نے بھی برقرار رکھا اور قرار دیا کہ مذکورہ کمپنیوں کی مارکیٹنگ گمراہ کن تھی۔
سی سی پی نے ہدایت جاری کی ہے کہ فروزن ڈیزرٹ کو آئس کریم کے طور پر پیش کرنا فوری طور پر بند کیا جائے، جبکہ تمام گمراہ کن اشتہارات واپس لے کر صارفین کو واضح اور درست معلومات فراہم کی جائیں۔
کمیشن نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ اور منصفانہ مسابقت کو یقینی بنانا اس کی اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی، سگی خالہ نے17 سالہ بھانجی کو اغوا کرکے خاوند کے ذریعے جنسی زیادتی کا نشانہ بنوا ڈالا
