اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی دارالحکومت میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاح فلپ سام کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا خوشگوار انجام سامنے آ گیا، پولیس نے ان کی چوری شدہ سائیکل اور کیمرہ برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمن سیاح فلپ سام 5 مارچ کو خنجراب پاس کے راستے گلگت بلتستان پہنچے تھے، جہاں سے انہوں نے سائیکل کے ذریعے پاکستان کی سیاحت کا آغاز کیا۔ وہ گلگت بلتستان کی حسین وادیوں سے ہوتے ہوئے خیبر پختونخوا کے راستے اسلام آباد پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق سیاح نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کے علاقے میں فیض آباد کے قریب ایک سبزہ زار میں، گندے نالے کے کنارے کیمپ لگایا اور اپنی سائیکل باہر کھڑی کر دی۔ تاہم صبح بیدار ہونے پر معلوم ہوا کہ ان کی سائیکل اور کیمرہ نامعلوم افراد چوری کر کے لے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ منشیات کے عادی افراد رات گئے سیاح کی سائیکل اور کیمرہ لے اڑے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیاح نے پولیس سے رابطہ کیا جبکہ جرمن سفارت خانے نے بھی پولیس حکام سے رابطہ کیا۔
اسلام آباد پولیس کے انوسٹی گیشن ونگ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سائیکل کو آرچرڈ اسکیم کے علاقے سے برآمد کر لیا جبکہ ملزمان کو گرفتار کر کے تھانہ کھنہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
تھانہ کھنہ کے ایک متعلقہ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سیاح نے ویران مقام پر کیمپ لگایا تھا جہاں سیکیورٹی کے مناسب انتظامات موجود نہیں تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ برآمد شدہ سامان جلد جرمن سیاح کے حوالے کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:نسیم شاہ کی فٹنس پر سوال، باؤلنگ کے دوران تکلیف
