اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں ملک بھر میں بارشوں، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی وارننگ جاری کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کی نئی لہر 16 اپریل سے پاکستان میں داخل ہوگی جس کے زیر اثر 16 سے 19 اپریل تک مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔اس دوران خیبرپختونخوا میں بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے جب کہ بلوچستان میں 17 سے 18 اپریل کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب میں 16 سے 18 اپریل تک موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 16 سے 19 اپریل تک ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، شدید بارشوں سے کمزور ڈھانچوں اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں:ایران اورامریکا جنگ بندی،اسلام آبادمذاکرات کی تازہ اپڈیٹ





