Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

متحدہ عرب امارات کوپاکستان کی بڑی ادائیگی،اہم تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (رضوان عباسی)پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو تین ارب ڈالر کی ادائیگی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور امکان ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران یہ رقم مرحلہ وار ادا کر دی جائے گی۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق ادائیگی کے اس عمل کے ساتھ ہی اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کو جون تک 18 ارب ڈالر تک بڑھانے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کو دو ارب ڈالر کی ادائیگی 17 اپریل کو کیے جانے کا امکان ہے جبکہ باقی ماندہ ایک ارب ڈالر 23 اپریل کو ادا کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 45 کروڑ ڈالر کا تقریباً 30 سال پرانا قرضہ بھی واپس کر دیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کی اضافی مالی سہولت کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔ اس سہولت کے بعد پاکستان کے لیے سعودی عرب کے ڈپازٹس کا مجموعی حجم بڑھ کر آٹھ ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ڈپازٹس کے علاوہ موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی کی سہولت بھی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ اس وقت سعودی عرب پاکستان کو ماہانہ تقریباً 10 کروڑ ڈالر کی آئل فیسلٹی فراہم کر رہا ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران ایک ارب ڈالر تک تیل کی سہولت فراہم کیے جانے کا تخمینہ ہے۔ موجودہ ایک ارب ڈالر کی آئل فیسلٹی جلد ختم ہونے کے قریب ہے۔

ادھر ذرائع کے مطابق پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اگلے ماہ ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اس حوالے سے اسٹاف سطح کا معاہدہ ہو چکا ہے جبکہ حتمی رقم آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان رواں سال کیپٹل مارکیٹ میں بانڈز بھی جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ کمرشل بینکوں سے قرض لینے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان کے پاس دوست ممالک کے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں جن میں سعودی عرب کے پانچ ارب، چین کے چار ارب اور متحدہ عرب امارات کے تین ارب ڈالر شامل ہیں۔
مزید پڑھیں‌:ملازمین کیلئے بڑی خبر، پینشن سےمتعلق فیصلہ آگیا

یہ بھی پڑھیں