کراچی(Karachi) میں اتوار کے روز گرم اور مرطوب موسم(weather) ریکارڈ کیا گیا، جہاں درجہ حرارت میں مزید اضافے کے باعث شہریوں کو اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2.6 ڈگری زیادہ ہو کر 38.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 41 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ نمی اور درجہ حرارت کے امتزاج کے باعث ہیٹ انڈیکس یعنی محسوس ہونے والی گرمی 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے مساوی رہی۔
رپورٹ کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت بتدریج بڑھتا رہا، جس کے باعث گرمی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا اور شہریوں کو شدید حبس کا سامنا کرنا پڑا۔
مزیدپڑھیں:فٹبال ورلڈ کپ فائنل: ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان پر، چار نشستیں کروڑوں میں فروخت
ارلی وارننگ سینٹر کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران موسم نسبتاً گرم ہی رہے گا اور درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باوجود ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں، اور نہ ہی کسی ہائی پریشر سسٹم کے اثرات موجود ہیں۔ ان کے مطابق سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں اور گرمی میں حالیہ اضافہ اپریل کے موسمی رجحان کا حصہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
