پشاور(نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا اسمبلی نے کے پی ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی بل 2026 کی منظوری دے دی۔پیر کو ہونے والے اجلاس میں کے پی اسمبلی بل کے تحت ایٹا کو مالی اور انتظامی خود مختاری دی گئی۔ایٹا کے دائرہ اختیار کو دوسرے صوبوں اور وفاق تک بڑھانے کی تجویز دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز کی سربراہی وزیر اعلیٰ کریں گے جبکہ بھرتیوں اور داخلوں میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔
ایٹا کو دھوکہ دہی اور غیر قانونی طریقے استعمال کرنے والوں پر سخت سزا دینے کا اختیار بھی ہوگا اور ایٹا کے پاس کسی بھی سرکاری یا نجی جگہ کو امتحانی مرکز بنانے کا اختیار ہوگا۔ بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایٹا کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا اور یہ پیشہ ور کالجوں اور یونیورسٹیوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کرائے گا۔ ایٹا سرکاری اور نجی اداروں کے لیے اسکریننگ اور بھرتی کے ٹیسٹ کرائے گا۔
ایٹا وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور نجی اداروں کے لیے ٹیسٹ کروا سکے گا، جبکہ ایٹا تعلیمی ٹیسٹنگ سسٹم اور وسائل کو جدید خطوط پر استوار کرے گا، طلبہ میں تحقیق اور سیکھنے کے رجحانات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرے گا۔ایٹا ٹیسٹنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تربیت اور تحقیق فراہم کرے گا اور حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے ایٹا کو مزید ذمہ داریاں تفویض کر سکے گی۔ ایٹا سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ معاہدے اور شراکت داری کرنے کے قابل ہو گا۔ بل کے تحت اسمبلی میں سالانہ آڈٹ رپورٹ پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور نیا قانون 2001 کے پرانے آرڈیننس کی جگہ لے گا۔
مزید پڑھیں:بانی پی ٹی آئی سے ملاقات، وکلاء اور فیملی کی فہرست جیل حکام کو ارسال
