Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

آزاد کشمیر انتخابات، مسلم لیگ (ن) متحرک، میاں نواز شریف کا دورہ آزاد کشمیر منسوخ، اہم اجلاس لاہور میں طلب

اسلام آباد (رضوان عباسی): آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد اور مرکزی صدر میاں محمد نواز شریف کا 6 اور 7 مئی کو آزاد کشمیر کا مجوزہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس 7 مئی کو لاہور جاتی امرا میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس اسی روز سہ پہر منعقد ہوگا جس کی صدارت خود میاں نواز شریف کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے لیے قائم پارلیمانی بورڈ کے تحت ٹکٹوں کی تقسیم، امیدواروں کے انٹرویوز اور انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر کی قیادت میں بورڈ میں شامل راجہ فاروق حیدر، مشتاق احمد منہاس، چوہدری طارق فاروق، بیرسٹر افتخار گیلانی سمیت دیگر مرکزی عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

وزیر امور کشمیر انجنئیر امیر مقام بھی پارلیمانی بورڈ میں خصوصی طور پر شریک ہونگے ،نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر قیادت سے بھی ملاقاتیں ہونگی جن میں سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔ آزاد کشمیر قیادت کی جانب سے انتخابی حلقوں سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں پارٹی قیادت اور کارکنان سے اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جبکہ ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز بھی اسی اجلاس میں لیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق مہاجرین کے 12 حلقوں کے ٹکٹوں کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ ان کے اعلان کا بھی امکان ہے۔پارلیمانی بورڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ احسن اقبال، خواجہ آصف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

دیگر رہنماؤں میں رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق، امیر مقام اور مریم اورنگزیب بھی بورڈ کا حصہ ہوں گے، جبکہ کیپٹن (ر) محمد صفدر، پرویز رشید، برجیس طاہر اور انوشہ رحمان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں:2025 ،پاکستان میں غیرت کے نام پر کتنی خواتین قتل ہوئیں؟، انسانی حقوق پر سالانہ تہلکہ خیز رپورٹ جاری

یہ بھی پڑھیں