کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والا مشہور آئٹم سانگ “بلی” ان کی زندگی کے بہترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے فنی سفر اور ڈراموں سے فلموں کی جانب منتقلی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ “بلی” پر پرفارم کرنا ان کے لیے ایک بڑا اور بولڈ قدم تھا، جو کسی بھی سمت جا سکتا تھا۔
مہوش حیات کے مطابق شوٹنگ کے دوران شدید تھکن اور جسمانی چوٹوں کے باوجود وہ بے حد پرجوش تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہمیشہ یقین تھا کہ ان کا چہرہ بڑے پردے کے لیے موزوں ہے، جبکہ سینئر اداکار جاوید شیخ نے بھی ایک ڈرامے کے دوران ان کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان میں فلم اسٹار بننے کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔
اسی شو میں اداکار فہد مصطفیٰ نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ مہوش حیات کی پرفارمنس اتنی جاندار تھی کہ لوکیشن کا مالک انہیں دیکھتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اونچائی سے گر پڑا۔
واضح رہے کہ فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی جوڑی ایک بار پھر بڑی اسکرین پر فلم زومبیڈ میں جلوہ گر ہوگی، جو رواں سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:لاہور کے ہسپتالوں میں جعلی ادویات کا بڑا اسکینڈل بے نقاب




