اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اور طویل پروگرام لینے کو تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے بڑا اور طویل المدتی پروگرام لینا چاہتے ہیں، پاکستان اپنے کوٹے کے مطابق بڑا پروگرام لینے کی کوشش کرے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین مدت کا پروگرام لینا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں تسلسل ہوگا اور معاشی نظم و ضبط ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت کی بہتری آئی ایم ایف سے زیادہ ہماری حکومت کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ پروگرام کی آخری قسط میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئی ایم ایف نے موجودہ قرض کی آخری قسط میں 1.1 ارب ڈالر دیے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نئے قرضہ پروگرام کا ابتدائی خاکہ تیار کر رہا ہے، معاشی استحکام آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کا مشترکہ ہدف ہے، نگراں حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے تندہی سے کام کیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ فواد حسن فواد نے نجکاری کے معاملات بڑی دلچسپی اور محنت سے نمٹائے، ٹیکس ریونیو کو ڈیجیٹل طریقے سے اکٹھا کرنا چاہتے ہیں، ٹیکس نظام میں شفافیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قومی آمدنی میں ٹیکس کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی فنڈنگ پر آئی ایم ایف سے بھی بات کی جا سکتی ہے، ماحولیات کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف کچھ ممالک کو کوٹے سے زیادہ قرضے دے رہا ہے۔



