کراچی(ویبڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی لاہور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، معزز مہمان کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں جامعہ کراچی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رائیسی خصوصی طیارے کے ذریعے شام 5 بج کر 28 منٹ پر لاہور سے کراچی پہنچے، طیارے نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
ایئرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر آصفہ بھٹو، عذرا پیچوہو، شرجیل میمن اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔
ایئرپورٹ سے ایرانی صدرابراہیم رئیسی گورنرہاؤس پہنچ گئے، جہاں ان کی گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر ہاؤس سے ایرانی صدر قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پہنچے اور حاضری دی، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، صدر ابراہیم رئیسی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنرسندھ کامران ٹیسوری بھی ہمراہ تھے جبکہ سندھ کابینہ کے ارکان بھی مزار قائد پر موجود تھے۔
بعدازاں ایرانی صدرابراہیم رئیسی وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے، وزیراعلیٰ ہاؤس میں معزز مہمانوں کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی، ایرانی صدر کی اہلیہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
چانسلر جامعہ کراچی کامران ٹیسوری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا۔
ایرانی صدر نے سینیٹرز، ارکان اسمبلی، علماء مشائخ اور تاجربرادری سے ملاقات بھی کی۔
ایرانی صدر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی میں قیام کریں گے، بدھ کی صبح ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی سے روانہ ہوجائیں گے۔
دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور ایران کے تعلقات کو خراب نہیں کرسکتی، ایرانی صدر
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعلی ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی قوم کو آیت اللہ خامنائی اایران کی قوم کا سلام دیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات ہیں جو تاریخ، ثقافت، مذہب اور بھائی چارے سے جڑے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور ایران کے تعلقات کو خراب نہیں کرسکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم پاکستان ایران دونوں کے لیے قابل تعظیم ہیں وہ پاکستان کے مسلمانوں کے لیے آزادی کا سمبل ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ انقلاب ایران ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ دنیا میں شیطانیت اور سرکشی کے خلاف آج بھی ہمارے نعرے زندہ ہیں، فلسطین کی آزادی آج بھی مسلم دنیا اور مسلم امہ کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا ایرانی صدر کو فارسی زبان میں خوش آمدید
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معززمہمان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر کو فارسی
دوسری جابب وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کا استقبال کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، ایرانی صدر کو سندھ کے عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے معززمہمان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو فارسی زبان میں خوش آمدید کہا، جناب عزت ماب صدرمحترم’’ازملاقات شما خوش بختم‘’۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں، دونوں ممالک نے صدقِ دل و جاں سے ساتھ دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹو اور بینظیربھٹو نے ایران کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی، صدرزرداری نے ایران کو ہمیشہ ایک قابلِ بھروسہ دوست تصور کیا، بلاول بھٹو نے بطور وزیرخارجہ رابط بڑھانے پر زور دیا، صدر زرداری اور بلاول بھٹو بھی ایران کو قابل بھروسہ دوست سمجھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے، پاکستان فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا پرامن چاہتا ہے ۔
ایرانی صدر کی دورہ لاہور کے دوران مزار اقبال پر حاضری
اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی جب لاہور پہنچے تھے تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پر سید ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا تھا جبکہ مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
لاہور میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گورنر اور وزیر اعلی پنجاب سے ملاقاتیں کیں، وزیر اعلی مریم نواز سے ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔
ملاقات میں پنجاب اور ایران کے درمیان وفود کے تبادلے اور مشترکہ بزنس کونسل بنانے پر گفتگو کی گئی، جس پر ایرانی صدر نے وزیر اعلی پنجاب کو ایران دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیر اعلی پنجاب نے ظہرانے میں آمد پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ پاکستانی بہت محبت کرتے ہیں،دونوں ملک ملکر اپنے عوام کی ترقی کے تعاون جاری رکھیں گے، ایرانی صدر نے بہترین مہمان نوازی پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے دورہ لاہور کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی بھی کی۔
مزیدپڑھیں:ایرانی صدر کا دورہ پاکستان: دوسرے روز کی مصروفیات کیا رہیں؟
مزار کے احاطے میں پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو گارڈ آف آنر دیا۔
ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلق ہیں، یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو گا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر کی آمد پر لاہور میں آج عام تعطیل تھی جبکہ سیکیورٹی انتظامات کے تحت شہر کی متعدد سڑکیں بند کی گئی تھیں تاہم بعد میں سڑکیں کھلنے کے بعد ٹریفک بحال ہوگیا۔
تعطیل کی وجہ سے عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں، انٹر کے تحت ہونے والے پیپرز اور پریکٹیکل بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، تاہم پنجاب سول سیکریٹریٹ سے منسلک محکموں میں تعطیل نہیں ہے۔
لاہرر کے بعد ایرانی صدر کراچی جائیں گے ، مہمان صدر مزار قائد پر حاضری دیں گے، اور حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ ابراہیم رئیسی کراچی یونیورسٹی بھی جائیں گے جہاں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔
شہر قائد میں بھی آج عام تعطیل ہے، شارع فیصل آج تین بجے سے پانچ بجے تک بند رہے گی، ائیرپورٹ سے پی آئی ڈی سی تک سڑک مکمل بند رہے گی۔
ایم اے جناح روڈ سے صدر جانے والے روڈ پر کنٹینر رکھ دیے گئے۔ شارع قائدین سے نمائش جانے والا روڈ بھی بند کردیا گیا، پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی کے اطراف بھی کنٹینر لگا دیے گئے۔

