کراچی کے سمندر میں پراسرار نیلی روشنی نے سب کو حیران کردیا، اس منظر کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
گزشتہ رات کراچی کے ساحل پر ایک نایاب اور حیرت انگیز نظارہ دیکھنے کو ملا جس نے سب کو حیران کر دیا۔ سحر انگیز نیلی روشنی سے مزین لہروں نے شہر کے ساحل پر ایک ایسا جادوئی منظر پیش کیا جس نے تماشائیوں کو سحر زدہ کر دیا۔
ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ پاکستان کے ٹیکنیکل ایڈوائزر معظم خان نے کہا کہ یہ رجحان Noctiluca scintillans کی وجہ سے ہوتا ہے، جسے “سی فائر” یا “سی ٹوئنکل” بھی کہا جاتا ہے، یہ چھوٹے سمندری جاندار جو کہ سرسوں کے بیجوں سے چھوٹے ہوتے ہیں۔ بائیولومینیسینس نامی کیمیائی عمل کے حصے کے طور پر روشنی کا اخراج ہوتا ہے۔
معظم خان نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کے سمندر میں Noctiluca scintillans کی موجودگی اس علاقے میں سمندری حیات کی کثرت کی نشاندہی کرتی ہے۔
رات کی تاریکی میں لہروں میں نظر آنے والی یہ نیلی چمک اگر دن کی روشنی میں دیکھی جائے تو سبز نظر آتی ہے، یہ فائٹوپلانکٹن کی ایک قسم ہے، جو عموماً معتدل علاقوں کے ساحلی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ عمل سمندری جانداروں کے علاوہ جانداروں کی مختلف انواع میں بھی پایا جاتا ہے، عام طور پر جانور اپنی حفاظت کے لیے بایولومینیسینس دکھاتے ہیں۔


