وفاقی حکومت نے خلائی ٹیکنالوجی کے ساتھ سکول کے بچوں کو فلکیات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں فلکیات کے فروغ پر کام شروع کر دیا ہے۔
سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے متعلقہ محکموں کو اسلام آباد کے سکولوں میں بڑی دوربینیں لگانے کی ہدایات جاری کیں۔ پہلے مرحلے میں ایک اسکول میں آزمائشی طور پر ایک بڑی دوربین نصب کی جائے گی جس سے بچے 27 مئی کو چاند دیکھ سکیں گے۔
مزید پڑھیں: ہیٹ ویوز کی لہر، ،پنجاب میں 22 مئی سے تمام تعلیمی ادارے بندکرنے کا فیصلہ
ٹیلی سکوپ سیشن میں سرکاری سکولوں کے طلباء خلاء اور سیاروں کا مشاہدہ کر سکیں گے، پہلے مرحلے میں 10 سے 12 سکولوں کے طلباء کو بڑی دوربین سے مشاہدہ کیا جائے گا۔
27 مئی کی رات 9 سے 10:30 کے درمیان چاند، ستارے اور آسمان کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ ٹیلی سکوپ سیشن میں بچوں کے ساتھ اساتذہ اور بچوں کے والدین بھی شرکت کریں گے۔
دن کے وقت بچوں کو شمسی چشموں سے سورج کا مشاہدہ بھی کرایا جائے گا۔ سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد کوشش کی جائے گی کہ ہر پرائمری سکول میں ایک بڑی ٹیلی سکوپ فراہم کی جائے، بچوں کو کائنات کے علوم سے آگاہ کیا جا سکے۔ بیداری وقت کی ضرورت ہے۔


