پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے زہریلے مضامین غیر ملکی اخبارات میں کیوں چھپتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج بھی ملکی فوج اور چیف جسٹس کے خلاف محاذ بنا لیا گیا، نوجوانوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی سمیت یہ سب کیوں کر رہے ہیں، اس پر کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی ملک دشمنی کیوں کر رہے ہیں اس پر کمیشن بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی غلطیوں پر معافی مانگے تو بات کرنے کوتیار ہیں،گورنر خیبرپختونخوا
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ایک فتنہ ہے، یہ سیاست پر اثرانداز ہو رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو این آر او دیا تو پورا انقلاب ختم ہو جائے گا، ان کے پاس 9 مئی جیسا ایک اور پلان ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ اس ملک میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں، عوام کو اب سمجھنا ہوگا کہ پی ٹی آئی کس طرح ملک کے خلاف سازش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رواں ماہ پیٹرول کی قیمت میں 20 سے 21 روپے تک کمی ہوئی ہے، حکومت نے آٹے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی ہے، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈبل روٹی کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کو ریلیف دینے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔



