اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کو ختم کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے جو 2 ہفتوں میں اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض پیرزادہ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، دیگر اراکین میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکریٹری پاور، سیکریٹری ہاؤسنگ شامل ہیں۔
کمیٹی پبلک سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے متبادل تجاویز دے گی، پی ڈبلیو ڈی کے اثاثوں کی دیکھ بھال کے لیے بھی تجاویز دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کمیٹی پی ڈبلیو ڈی ملازمین کے مستقبل کے بارے میں بھی تجاویز دے گی۔
مزید پڑھیں: 9 مئی کے مقدمہ،صنم جاوید کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور،دیکھیں
واضح رہے کہ 3 جون کو وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو برسوں کی ناقص کارکردگی اور کرپشن کے باعث فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ شریف کی زیر صدارت حکومتی اخراجات اور حکومتی ڈھانچے میں کمی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پی ڈبلیو ڈی بطور ادارہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے متبادل ایکشن پلان تیار کیا جائے جن کا کام پاک پی ڈبلیو کو سونپ دیا گیا ہے۔ ‘زیرو ٹالرنس’ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کو ختم کرنا اس ناسور کو دور کرنے کی جانب ایک قدم ہے جو ہمارے نظام کو اندر سے کینسر کی طرح کھا رہا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ایک زیادہ ایماندار اور ایک موثر بیوروکریسی کی تعمیر کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں، ایک ایسی بیوروکریسی جو اعلیٰ معیار کی عوامی خدمات فراہم کرے اور گورننس کا معیار بلند کرے۔



