کراچی(ویب ڈیسک )سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز (SPHF) سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جو بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس پرعزم پروگرام کا مقصد متاثرین کے لیے 2.1 ملین مکانات تعمیر کرنا ہے۔
2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد، سندھ حکومت کے پاس SPHF کو قائم کرنے، صوبے کی تعمیر نو اور بڑے پیمانے پر فنڈز کی فراہمی کے لیے صرف 7 سے 8 ماہ تھے۔ نگران حکومت کے 6 ماہ کے بعد اور دیگر مشکلات کے باوجود، پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) کی سیاسی قیادت نے اس بات کو یقینی بنایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بحالی و تعمیر نو کا پروگرام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔
جب سے سندھ حکومت نے دوبارہ حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے، تو 100 دنوں کے اندر اہم سنگ میل عبور کیے گئے ہیں۔اس میں 125,000 مکانات کی تکمیل ایک نمایاں پیش رفت ہے، یہ محفوظ اور مضبوط مکانات ہرقسم کی قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ، 335,000 مکانات کی تعمیر پلنتھ سے اگلے مراحل تک پہنچ گئی ہے جبکہ پچھلے 100 دنوں میں 90,000 مکانات کی تعمیر پلینتھ کے مرحلے پر ہے، جو اس پروگرام کی تیز رفتاری اور حکومتِ سندھ کی موثر حکمتِ عملی کو ظاہر کرتی ہے۔اس پروگرام کے لیے 790,000 بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جن کے ذریعے اب تک 525,000 مکانات کو فنڈز جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ گزشتہ 100 دنوں میں 200,000 سے زیادہ بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں تاکہ مستحقین کی مالی معاونت ہوسکے۔
SPHF پروگرام کو ابتدائی طور پر 350,000 مکانات کی تعمیر کے لیے ورلڈ بینک سے 500 ملین ڈالر کی مالی معاونت اور حکومت سندھ سے 115,228 مکانات کے لیے 227 ملین روپے کی مالی معاونت حاصل تھی۔ مالیاتی خلا کو پُر کرنے کے لیے، گزشتہ 100 دنوں میں اضافی مالی معاونت کی یقین دہانیاں بھی حاصل کی گئی ہیں، جن میں ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) سے 400 ملین ڈالر اور اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) سے 200 ملین ڈالر شامل ہیں، جبکہ ورلڈ بینک سے مزید مالی معاونت بھی متوقع ہے۔
رہائشی تعمیر نو کے علاوہ، SPHF نے گزشتہ 100 دنوں میں ایک جامع پروگرام پانی، صفائی اور حفظان صحت (WASH) بھی شروع کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں، WASH پروگرام کا مقصد 264,000 گھرانوں اور 3,000 دیہات کو فائدہ پہنچانا ہے، جس کے لیے ضروری فنڈز بھی فراہم کردیئے گئے ہیں۔
گزشتہ 100 دنوں میں سندھ حکومت کے عزم اور فوری عمل نے اس کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے، سیلاب متاثرہ کمیونٹیز کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور سندھ کے عوام کے لیے طویل مدتی، پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مزیدپڑھیں :شادی سے انکار پر خاتون ڈاکٹر نے نوجوان کے جسم کا نازک حصہ ہی کاٹ ڈالا


