پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بورڈ کا 16 واں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی، پشاور اور گردونواح کے علاقوں کے عوام کے لئے اچھی خبر، چمکنی تا پبی (نوشہرہ) بی آر ٹی بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس میں چمکنی تا حیات آباد رنگ روڈ کو بھی بی آر ٹی روٹ ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، عوام کی سہولت کے لئے مذکورہ روٹ پر بی آر ٹی کی طرز پر بسیں چلائی جائیں گی، اجلاس کو ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے لئے اربن موبیلیٹی پلانز پر بریفنگ دی گئی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، اس مقصد کے لئے متعلقہ ادارے اپنی سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں، عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ ادارے اپنے پلانز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
