اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے اچھا فیصلہ دیا ہے حکومت کو اسے تسلیم کرنا چاہیے، یہ الیکشن کمیشن کیخلاف بڑی چارج شیٹ ہوسکتی ہے۔ جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ فیصلے کے بعد اب الیکشن کمیشن کا کوئی جواز نہیں رہتا، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رضا حیات ہراج نے کہا کہ 13 رکنی بینچ میں سے دو ججز (جسٹس امین الدین اور جسٹس نعیم اختر) نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ باقی ججز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جن لوگوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پی ٹی آئی لکھا وہ تحریک انصاف کے رکن ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ 11 ججوں نے فیصلہ دیا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انتخابی نشان والے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی ۔ اس کے علاوہ 8 ججز نے کہا کہ ان ارکان کو پی ٹی آئی سمجھا جائے، جب کہ 3 ججز نے کہا کہ آدھے کو پی ٹی آئی اور آدھے کو سنی اتحاد کونسل سمجھا جائے۔ اب اگر کوئی اپنا ذاتی نقطہ نظر پیش کرتا ہے تو میرے خیال میں یہ مناسب نہیں ہے۔
رضا حیات ہراج نے کہا کہ سپریم کورٹ کا اچھا فیصلہ آیا اور جب تفصیلی فیصلہ آئے گا تو مجھے لگتا ہے کہ یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف ایک بڑی چارج شیٹ ہوگا، کیونکہ 11 ججوں نے الیکشن کمیشن پر اعتماد کی کمی یا ناقص کام کا عندیہ دیا۔





