وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسکول نیوٹریشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواہش ہے پنجاب کےتمام اسکولوں میں بچوں کومکمل کھانا فراہم کریں اور ان کو وہ تمام سہولیات دی جائیں جوپرائیویٹ اسکولوں میں بچوں کو حاصل ہیں۔
مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں سے مل کر بہت خوشی ہے، بچوں سے ملنے والا پیار کبھی فراموش نہیں کرسکتی، میں آپ کے لیے ایسے سوچتی ہوں جیسے ماں اپنے بچوں کے لیے سوچتی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سے لاہور جتنا بھی دور ہو میں آپ سے زیادہ دور نہیں ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں صرف لاہور نہیں پورے پنجاب کا سوچتی ہوں، مزید کہا کہ ہمارے پاس پنجاب میں 49 ہزار اسکولز ہیں اور ان میں لاکھوں بچے پڑھتے ہیں اور میری یہ خواہش ہے ہم آپ کو اسکول میں باقاعدہ کھانا فراہم کریں لیکن آپ کو معلوم ہے پاکستان ایک امیر ملک نہیں ہے اور ہمارے وسائل بہت تھوڑے ہیں لیکن اچھا وقت بھی آئے گا اور آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ ہم آپ کو جتنا ہو سکے سہولیات فراہم کروں، میں صبح، دوپہر، شام اور رات میں آپ سب کے بارے میں یہ سوچتی ہوں کہ آپ کے اسکول کی تعلیم بہتر ہوجائے، آپ کے اسکول کی عمارت بہتر ہوجائے، آپ کا ماحول بہتر ہوجائے اور آپ کا جو تعلیمی معیار ہے وہ بہتر ہوجائے اور جو اساتذہ ہیں وہ بہترین طریقے سے آپ کو تعلیم فراہم کریں اور ہم آپ کو وہ سب سہولتیں دیں جو پرائیویٹ اسکولوں میں فراہم کی جاتی ہیں۔


