Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

راجن پور کے کچے میں پولیس مقابلہ، لنڈ گینگ کا سرغنہ اشتہاری شاہد لنڈ ہلاک

راجن پور کے علاقے کچہ بنگلہ اچھا میں پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکو شاہد لُنڈ مارا گیا۔

ضلعی پولیس آفیسر کے مطابق ہلاک اشتہاری ڈاکو کی گرفتاری پر ایک کروڑ روپے انعام تھا اور ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کے قتل، اغوا اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک ڈاکو شاہد لُنڈ سوشل میڈیا پر پولیس کو دھمکیاں دیتا تھا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق مطابق رحیم یار خان اور راجن پور پولیس نے کچے میں خطرناک جرائم پیشہ افراد کے خلاف اہم ترین کامیابی حاصل کرلی، پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کچہ بنگلا اچھا میں لنڈ گینگ کے سرغنہ شاہد لنڈ کو ہلاک کردیا۔

ترجمان نے پتایا کہ ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل ،ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب بین الاضلاعی اشتہاری جبکہ اُس کے خلاف رحیم یار خان اور ضلع راجن پور کے مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج تھے۔

خیال رہے کہ اگست میں ڈاکو شاہد لُنڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ان کی محکمہ داخلہ کے نمبر پر مبینہ کال کرتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی تھی۔

شاہد لنڈ نے گفتگو میں کہا تھاکہ میں شاہد لُنڈ بات کررہا ہوں لسٹ میں میرا نام سب سے پہلے ہے، اصل جو ملزم ہیں ان کے نام نہیں ہیں، انعام کے اعلان والی فہرست درست نہیں اسے دوبارہ بنائیں۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا رحیم یار خان اور راجن پور پولیس گزشتہ 2 ماہ سے اس آپریشن کی تکمیل لئے کام کر رہی تھی، پولیس نے باقاعدہ منصوبہ بندی، موثر حکمت عملی کے تحت اپنا ٹارگٹ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں