Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

اسموگ میں بہتری، 2 ڈویژنز کے علاوہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

لاہور(نیوز ڈیسک)حکومت پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں اسموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر 2 ڈویژنز کے علاوہ صوبہ بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل (19 نومبر بروز منگل) سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے، تمام طلبہ، اساتذہ اور عملے کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں آؤٹ ڈور اسپورٹس اور دیگر غیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے تاکہ ٹریفک کا اژدہام نہ ہو۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں اسموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے، بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، اسکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

مریم اورنگزیب نے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کے تمام اداروں، ای پی اے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کو شاباش دی۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق، بالائی علاقوں میں بارش برسنے سے پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضا کا معیار بہتر ہوا ہے۔

اس سے پہلے، آج صبح انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے ایئرکوالٹی بہتر ہونے پر صرف راولپنڈی ڈویژن میں موجود تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ایئرکوالٹی بہتر ہونے پر کمشنر راولپنڈی نے سفارش کی، جس پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

خیال رہے پنجاب حکومت نے اسموگ کے بڑھتے ہوئے چیلنج کے پیش نظر پنجاب کے 18 اضلاع کے سرکاری اور نجی سکینڈری اور ہائر سکینڈری تعلیمی اداروں کو ایئرکوالٹی انڈیکس بہتر ہونے تک 7 سے17 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ہر طرح کے کھیلوں، نمائش اور فیسٹیول کے انعقاد پر بھی 24 نومبر تک پابندی عائد ہوگی جبکہ ملتان اور لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پربھی 24 نومبر تک پابندی رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان دونوں شہروں میں فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں کے چلائے جانے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہے جبکہ لاہور میں آتشبازی پر 31 جنوری تک پابندی برقرار رہے گی۔

مزیدپڑھیں:فٹبالر نیمار نے دبئی میں 200 ملین درہم کا پینٹ ہاؤس خرید لیا، گھر میں خاص بات کیا ہے؟

یہ بھی پڑھیں