لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کی احتجاج کے باعث لاہور میں راستے بند ہونے پر دلہا اپنی دلہنیا کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر رخصت کرکے لے گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث شہر بھر میں راستے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بتی چوک لاہور پر مکمل طور پر ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ نئی نویلی دلہن بھی راستہ بند ہونے سے پریشان ہوگئی۔ واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں دلہن کو پیدل آتے اور موٹر سائیکل پر بیٹھتے دیکھا جاسکتا ہے۔ رستوں کے بندش سے عام لوگ تو مشکلات کا شکار ہیں، دلہا دلہن کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہدرہ سے ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے شہری کو پیدل اپنے بچے کو ہسپتال لے جانا پڑا۔ بچہ بیمار ہونے کی وجہ سے اس کے ساتھ آکسیجن کا سلنڈر بھی ایک شخص ساتھ میں لے کر جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی دو دلہے اپنی باراتوں سمیت ٹریفک میں پھنس گئے تھے، جنہیں بہت زیادہ منت سماجت کے بعد جانے کی اجازت دی گئی۔
مزیدپڑھیں:فیض آباد، صداقت عباسی کو گرفتار کر لیا گیا،گوجرانوالہ میں سابق ایم این اے بلال اعجاز کو پولیس سے چھڑا لیا گیا

