Search
Close this search box.
منگل ,30 جون ,2026ء

وزیراعظم کا یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کا اعلان

وزیر اعظم شہبازشریف نے اس بار ماہ رمضان میں یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر ہی رمضان پیکیج لانے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوچکا ہے، پولیو کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، جمرود میں پولیو ٹیم پر حملہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی، فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس کے جوان جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جوان آج قربانیاں پیش کررہے ہیں، ماضی میںسینکڑوں دہشتگردوں کو چھوڑا گیا کہ اس سے امن قائم ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی 9سال کی کم ترین سطح پرہے، جنوری میں مہنگائی کی سطح 2.4 فیصدپر آچکی ہے، وزیرخزانہ، ان کی ٹیم اور ایف بی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پوری کوشش ہے ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، جس طرح دوسرے اہداف حاصل کئے معاشی ترقی کا ہدف بھی حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے تیل درآمد پر ایک سال کے لئے 1.2ارب ڈالرموخر ادائیگی کی سہولت دی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں سمجھوتے خوش آئند ہیں، کنگ سلمان ہسپتال کے لئے 4 کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں سے ایگری کلچر ٹیکس کی منظوری ہوگئی ہے جس پر تمام وزارائے اعلیٰ کا شکر گزار ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں بے پناہ شکایات تھیں، اس بار مائنس یوٹیلیٹی سٹورز رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کرپشن کو روکا جاسکے ، اس کے لئے وزارت فوڈ سکیورٹی کو ذمہ داری دےدی ہے۔

یہ بھی پڑھیں