اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈیجیٹل دور میں جہاں موبائل فون ہر شخص کی زندگی کا لازمی جزو بن چکا ہے، وہیں اس کے ذریعے ہونے والا الیکٹرانک فراڈ بھی خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ معروف میزبان حمین نقیبی نے اپنے تازہ پروگرام میں اس سنگین مسئلے پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور عوام کو 10 بڑے فراڈز اور ان سے بچنے کے مؤثر طریقے بتائے۔
حمین نقیبی کا کہنا تھا کہ “ہمارے موبائل فون میں تصاویر، ویڈیوز، بینک اکاؤنٹس، ایزی پیسہ، بچوں کی اسکول کی تفصیلات، اور شناختی کارڈ کی نقول جیسی قیمتی معلومات ہوتی ہیں۔ اگر یہ کسی غلط ہاتھ میں چلی جائیں تو یہ ہمیں نہ صرف مالی نقصان پہنچا سکتی ہیں بلکہ بلیک میلنگ جیسے خطرات بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔”
انہوں نے اس حوالے سے الیکٹرانک فراڈ کے 10 عام طریقوں اور ان کے تدارک کے اقدامات تفصیل سے بیان کیے:
1۔ سم سوائپ فراڈ
جعلساز ڈپلیکیٹ سم حاصل کر کے صارف کے او ٹی پی پر قبضہ کر لیتے ہیں۔
بچاؤ: صرف منظور شدہ آؤٹ لیٹ سے سم خریدیں، سم پر پاس ورڈ لگائیں، اور گم شدہ سم فوری بلاک کروائیں۔
2۔ فشنگ فراڈ
ای میل یا لنک کے ذریعے بینک کی جعلی سائٹ پر لاگ ان کروا کے پاس ورڈ چوری کیے جاتے ہیں۔
بچاؤ: مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں، ہمیشہ بینک کی اصل ایپ یا ویب سائٹ استعمال کریں۔
3۔ اے ٹی ایم کارڈ کلوننگ
خفیہ کیمرے اور ڈیوائس کے ذریعے کارڈ کا ڈیٹا کاپی کر کے جعلی کارڈ بنایا جاتا ہے۔
بچاؤ: معروف اور محفوظ جگہ کے اے ٹی ایم استعمال کریں، پن داخل کرتے وقت ہاتھ سے ڈھانپیں۔
4۔ جعلی بینک کالز
کال کرنے والے او ٹی پی مانگتے ہیں اور خود کو بینک اہلکار ظاہر کرتے ہیں۔
بچاؤ: بینک کبھی فون پر او ٹی پی نہیں مانگتے، ایسی کالز کو فوراً منقطع کریں۔
5۔ جعلی QR کوڈز
نامعلوم QR کوڈ اسکین کرنے سے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکل جاتی ہے۔
بچاؤ: صرف معتبر ذرائع سے موصولہ QR کوڈ استعمال کریں۔
6۔ سوشل میڈیا ہیکنگ
واٹس ایپ یا فیس بک ہیک کر کے دوستوں سے پیسے مانگے جاتے ہیں۔
بچاؤ: دو مرحلہ جاتی توثیق (Two-factor authentication) لازمی فعال کریں۔
7۔ جعلی آن لائن شاپنگ
رقم لینے کے بعد سامان نہ بھیجنے والے فراڈرز سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں۔
بچاؤ: صرف تصدیق شدہ ویب سائٹس سے خریداری کریں، ممکن ہو تو سامان وصولی پر ادائیگی کریں۔
8۔ لون ایپ اسکام
جعلی ایپس موبائل ڈیٹا چوری کر کے قرض دینے کے بہانے بلیک میل کرتی ہیں۔
بچاؤ: ایپ کو غیر ضروری اجازتیں نہ دیں اور صرف معتبر ایپس انسٹال کریں۔
9۔ جعلی نوکری کی آفرز
گھر بیٹھے لاکھوں کمانے کے نام پر پہلے فیس وصول کر کے غائب ہو جاتے ہیں۔
بچاؤ: ایسی آفرز سے پرہیز کریں جو پیشگی رقم مانگیں۔
10۔ ذاتی معلومات کا افشاء
بہت سی ایپس صارف کا ڈیٹا اپنے سرورز پر بھیجتی ہیں۔
بچاؤ: موبائل کی پرائیویسی سیٹنگز کو وقتاً فوقتاً چیک کریں اور صرف قابلِ اعتماد ایپس استعمال کریں۔
حمین نقیبی نے کہا کہ “یہ ویڈیو محض معلومات نہیں بلکہ ایک حفاظتی دیوار ہے جو ہم نے دھوکے بازوں اور عوام کے درمیان کھڑی کر دی ہے۔ اگر ہر شہری ان 10 نکات پر عمل کرے تو پاکستان میں الیکٹرانک فراڈ کا خاتمہ ممکن ہے۔”
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس آگاہی کو دوسروں تک ضرور پہنچائیں کیونکہ کسی کو نقصان سے بچانا بھی ایک نیکی ہے۔
مزیدپڑھیں:واشنگٹن کے ساتھ ہمارے سیکیورٹی اور دفاعی تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں : قطر

