Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

پروکٹر اینڈ گیمبل کا پاکستان میں مزید کاروبار نہ کرنے کا فیصلہ، وجہ بھی بتادی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملٹی نیشنل کمپنی پروکٹر اینڈ گیمبل (P&G) نے اپنے عالمی ری اسٹرکچرنگ پلان کے تحت پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کمپنی کی ذیلی ادارہ گلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو جاری نوٹس میں بتایا کہ پی اینڈ جی اپنی مینوفیکچرنگ اور کمرشل سرگرمیاں پاکستان میں بند کر کے تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹر ماڈل کے ذریعے صارفین کو خدمات فراہم کرے گی۔


کمپنی کے مطابق منتقلی کا عمل کئی ماہ پر محیط ہوگا اور اس دوران کاروبار معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ اس فیصلے سے متاثرہ ملازمین کو یا تو دیگر ممالک میں مواقع فراہم کیے جائیں گے یا پھر مقامی قوانین کے مطابق علیحدگی پیکجز دیے جائیں گے۔

گلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے مزید کہا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کو پی ایس ایکس سے رضاکارانہ طور پر ڈیلِسٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

90 فیصد سے زائد حصص رکھنے والی Series Acquisition B.V باقی تمام حصص خریدنے کے لیے اقدامات کرے گی، جس کے بعد ڈیلِسٹنگ کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

معاشی ماہرین نے پی اینڈ جی کے انخلا کو پاکستان کے سرمایہ کاری ماحول کے لیے تشویشناک قرار دیا ہے۔

سابق صدر انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پاکستان اسد علی شاہ کے مطابق، ملٹی نیشنل کمپنیوں کا پاکستان سے انخلا ملک میں پالیسیوں کے عدم تسلسل، کرنسی کے خطرات اور ریگولیٹری مسائل کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی اینڈ جی کا فیصلہ ایک وارننگ ہے، سوال یہ ہے کہ کیا ہم اسے سنجیدگی سے لیں گے؟

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں کریم اور مائیکروسافٹ جیسی بڑی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنی سرگرمیاں معطل یا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ گزشتہ 3 برسوں میں 55 سے زائد اسٹارٹ اپس یا تو بند ہو گئے یا اپنے بزنس ماڈل میں بڑی تبدیلیاں کرنے پر مجبور ہوئے۔
مزیدپڑھیں:کھیل میں سیاست کو لانا افسوسناک ہے، اے بی ڈی ویلیئرز کی بھارتی کھلاڑیوں پر تنقید

یہ بھی پڑھیں