پشاور (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے پولیس نے اپنا پہلا اسنائپر اسکواڈ تشکیل دے دیا ہے۔ یہ اسکواڈ صوبے کے حساس علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی کرے گا۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسنائپر اسکواڈ کو بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تناظر میں تشکیل دیا گیا ہے۔ اس اسکواڈ کو جدید تربیت دی گئی ہے اور جدید اسلحہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ مؤثر انداز میں دہشت گردوں کا خاتمہ کر سکے۔سی پی او پشاور کے مطابق اس اسکوڈ میں ہر ٹیم 10 اہلکاروں پر مشتمل ہوگی اور یہ پہاڑی وادیوں، سرحدی علاقوں اور جنوبی اضلاع میں تعینات کی جائے گی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اس اسکواڈ کو دور فاصلے پر موجود چھپے ہوئے دشمن کو نشانہ بنانے کی خاص تربیت دی گئی ہے۔ابتدائی طور پر یہ اسکواڈ جنوبی اضلاع، ملاکنڈ ڈویژن اور سرحدی علاقوں میں فعال ہوگا جہاں دہشت گردی کی وارداتیں زیادہ ہوتی ہیں۔
سرد موسم میں اسکواڈ کو جدید تھرمل امیجنگ ڈیوائسز بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ رات کے وقت یا کم روشنی میں بھی دشمن کی شناخت اور کارروائی کی جا سکے۔ایلیٹ فورس کے اس اسنائپر اسکواڈ کو تین ماہ کی جدید اسنائپر ٹریننگ دی گئی ہے، جس کے بعد انہیں میدان میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کاروائی ممکن ہو سکے۔
مزید پڑھیں : ستاروں کی روشنی میں جانئے اپنی قسمت کا حال؟



