اسلام آباد( اوصاف نیوز)اسلام آباد، تہران، استنبول مال بردار ٹرین دسمبر 2025 میں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ایرانی وزیر برائے سڑکوں اور شہری ترقی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ ریلوے تعاون، مال بردار آپریشن اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دونوں ممالک نے ریلوے کے شعبے میں مشترکہ ایکشن پلان پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ریلوے اصلاحات کے نئے باب کا آغاز کر دیا ہے، کراچی پورٹ سے مال برداری کے نظام کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے، روہڑی سے نوکنڈی تک 884 کلومیٹر طویل سیکشن پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔
کوئٹہ سے تفتان سیکشن کی اپ گریڈیشن اگلے سال شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تعاون کے فریم ورک کے تحت ریلوے تعاون کو وسعت دینے پر غور کیا گیا اور ریلوے آپریشنز اور تجارتی سرگرمیوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں چابہار اور گوادر بندرگاہوں کو ریل یا سڑک کے ذریعے جوڑنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دسمبر 2025 میں اسلام آباد-تہران-استنبول مال بردار ٹرین کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے کوآرڈینیشن میکنزم پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مزید پڑھیں:لبنان میں گاڑی پر اسرائیل کا ڈرون حملہ:حزب اللہ کا کمانڈر ساتھی سمیت شہید!ویڈیو وائرل
