اسلام آباد (اوصاف نیوز)پچھلے 3 مہینوں میں وزیر اعظم اور صدر سمیت دوسری اہم شخصیات کو کتنے تحفے ملے؟ وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ پبلک کر دیا۔
کیبنٹ ڈویژن نے جولائی تا ستمبر 2025 کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کیا۔ اس دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف تحائف وصول کیے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر بجلی اویس لغاری، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سیکرٹری سینیٹ عطاء اللہ تارڑ، وزیر اطلاعات شزہ فاطمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی نے تحائف وصول کئے۔
وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک، سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور ڈپٹی چیف آف پروٹوکول بھی فہرست کا حصہ ہیں۔
مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے تحائف میں قیمتی گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، پینٹنگ، پرفیوم، شیلڈز، قالین، ٹی سیٹ موصول ہوئے۔ رائفل، وال کلاک، قلم اور ڈائری سمیت دیگر تحائف بھی شامل ہیں۔
جولائی تا ستمبر 2025 میں وصول کنندگان نے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کرائے، کیبنٹ ڈویژن موصول ہونے والے تحائف کا تخمینہ لگا رہا ہے۔ ادارہ اس سے قبل 2002 سے جون 2025 تک توشہ خانہ کا ریکارڈ منظر عام پر لا چکا ہے۔
توشہ خانہ کا 1997 سے 2001 تک کا ریکارڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے اس سہ ماہی میں تحفہ دینے والے شخص کے نام کا کالم ہٹا دیا ہے جو کہ گزشتہ سہ ماہی میں شامل تھا۔
مزید پڑھیں: طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ قتل کیس ،پولیس کی بڑی کارروائی

