نارروال(نیوز ڈیسک) حضرت پیر سید جماعت علی شاہ لاثانی آف علی پور سیداں شریف کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر ہفتہ یکم نومبر نارووال میں عام تعطیل ہوگی، لیکن عملا ملازمت پیشہ لوگوں کو دو چھٹیاں مل جائیں گی کیونکہ 2 نومبر کو اتوار کی چھٹی ہوتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ یکم نومبر کو نارووال بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ حضرت پیر سید جماعت علی شاہ لاثانی کے عرس پاک کی تقریبات منائی جائیں گی۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی عرس کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کے عملے کو خصوصی ڈیوٹیاں تفویض کی جا چکی ہیں۔ اسکے علاوہ زائرین کے لیے کھانے پینے، وضو اور قیام و طعام کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور امن و نظم برقرار رکھنے میں مدد دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت پیر سید جماعت علی شاہ کا پیغام اتحاد، امن اور بھائی چارے کا ہے، جسے آج کے دور میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کے باوجود لازمی سروسز جیسے اسپتال، ایمرجنسی سروسز، پولیس اور میونسپل عملہ اپنی ڈیوٹی انجام دیتا رہے گا تاکہ عوامی سہولت متاثر نہ ہو۔ یاد رہے کہ 2 نومبر کو اتوار آ رہا ہے جس کے سبب لوگوں کو مسلسل 2 چھٹیاں میسر آجائیں گی۔
مزیدپڑھیں:تین دن میں کتنے چالان سے کتنی آمدن حاصل ہوئی


