Search
Close this search box.
جمعه ,12 جون ,2026ء

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کی ادائیگی، کٹوتی کی ویڈیو وائرل

صادق آباد (نیوز ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت خواتین سے رقم کی ادائیگی کے دوران کٹوتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے خواتین کو بی آئی ایس پی کی پوری رقم ادا کرنے کے بعد ان کا ویڈیو بیان لیا جاتا ہے، ویڈیو بنانے کے بعد اس میں رقم کٹوتی کر لی گئی۔

دکاندار خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کی ادائیگی گھروں میں جا کر کر رہے ہیں۔ اے سی ندیم بلوچ نے کہا کہ ایجنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

اگست میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سرکاری افسران کو اربوں روپے کے کیش ٹرانسفر کا انکشاف سامنے آیا تھا جس کے بعد کمیٹی نے ایف آئی اے کو افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

کنوینر معین عامر پیرزادہ کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری افسران کو بی آئی ایس پی سے 23 ارب 68 کروڑ روپے کیش ٹرانسفر کیے گئے، ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ملازمین نے اس سکینڈل سے فائدہ اٹھایا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گریڈ 16 سے 22 کے افسران سمیت 20 گریڈ کے 85 اور گریڈ 19 کے 630 افسران بھی کیش لینے والوں میں شامل تھے، ایک سال کے دوران سرکاری افسران نے بی آئی ایس پی سے 7 ہزار روپے فی کس وصول کیے۔

آڈیٹر جنرل کے مطابق اب تک 16 ارب 33 کروڑ روپے کی ریکوری ہو چکی ہے، تاہم مزید رقم کی واپسی باقی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 12 ہزار 232 ملازمین نے 14 کروڑ 67 لاکھ روپے، 21 ہزار سے زائد ملازمین نے 36 کروڑ 96 لاکھ روپے جبکہ 2427 ملازمین، پنشنرز اور بیواؤں نے 3 کروڑ 77 لاکھ روپے وصول کیے۔

کمیٹی نے اس سکینڈل پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کنوینر معین عامر پیرزادہ نے کہا کہ “بی آئی ایس پی سے رقوم لینے والے افسران کو شرم نہیں آئی، ایسے افسران کو نوکریوں سے فارغ کیا جانا چاہیے۔”

پی اے سی ذیلی کمیٹی نے ایف آئی اے کو گریڈ 16 سے 22 تک کے افسران کے خلاف کرمنل کارروائی کرنے اور گریڈ 15 تک کے ملازمین سے رقوم کی ریکوری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
مزید پڑھیں: اعلیٰ ترک حکام افغانستان سے کشیدگی کے معاملے پر مذاکرات کیلئے آئندہ ہفتے پاکستان جائیں گے، صدر اردوان

یہ بھی پڑھیں