شکارپور (نیوز ڈیسک)حلقہ پی ایس 9 گڑھی یاسین میں سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے واضح کامیابی حاصل کر لی ہے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز خان درانی، جو مرحوم آغا سراج درانی کے صاحبزادے ہیں، 73 ہزار 554 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔ ان کی کامیابی کا مارجن واضح رہا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار سید رشد اللہ شاہ امروٹی 9 ہزار 412 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ دیگر امیدوار ووٹوں کے اعتبار سے کہیں پیچھے رہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے کے مجموعی طور پر 178 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج غیر سرکاری طور پر موصول ہو چکے ہیں۔ انتخابی عمل مجموعی طور پر پرامن رہا، جبکہ پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے نتائج کے بعد گڑھی یاسین اور اطراف میں جشن منایا، جبکہ کامیاب امیدوار آغا شہباز خان درانی نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے حلقے کے عوام کی خدمت کریں گے۔
مزیدپڑھیں:مُردہ شخص نے الیکشن جیت لیا





