پشاور(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان کے خلاف دانستہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ کسی سے خوفزدہ نہیں اور اگر کسی سے ملاقات کریں گے یا کہیں جائیں گے تو اس کی خود وضاحت کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ زندگی کے آخری لمحے تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میلے کے موقع پر یوسف رضا گیلانی اور گورنر پنجاب سے ملاقات کے حوالے سے جو باتیں پھیلائی گئیں وہ محض افواہیں ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں پروپیگنڈے اور ڈراموں کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دی جانی چاہیے۔ علی امین گنڈاپور نے آخر میں کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جس فسطائیت کا سامنا ہے وہ کوئی نیا معاملہ نہیں بلکہ یہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے۔ پارٹی کے بانی عمران خان اس وقت ناحق قید میں ہیں اور ان پر جھوٹے اور من گھڑت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جبکہ انہیں انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کا مذاق بنایا جا رہا ہے اور جمہوری اقدار کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے، جس کی وہ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اگر عمران خان کے لیے فیملی ملاقات طے ہے تو پھر ملاقات کو یقینی بنایا جائے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ سہیل آفریدی ان کے بھائی کی مانند ہیں اور اب وہ وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں، جبکہ ان کے دور حکومت میں شروع کیے گئے تمام ترقیاتی منصوبے آج بھی جاری ہیں۔
مزیدپڑھیں:سرکاری افسران کے لیے مسیجنگ ایپ متعارف



