کراچی(نیوز ڈیسک) پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کی جانب سے ہڑتال کی کال واپس لینے کے بعد کل تعلیمی ادارے کھلنے کے حوالے سے اہم خبر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے پرائیویٹ اسکولز کی شکایات پر نوٹس لیا اور فری شپ ڈیٹا کی تصدیق کے حوالے سے اسکولوں کے تحفظات سنے۔
وزیر تعلیم سندھ اور چیئرمین اینٹی کرپشن سے ملاقات میں اسکول انتظامیہ کے خدشات کو تسلیم کیا گیا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ سندھ کے کسی بھی ضلع میں والدین اور اسکول انتظامیہ کو پریشانی نہیں ہوگی۔پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشنز سندھ کا کہنا ہے کہ خدشات دور ہونے پر جمعہ 9 جنوری کی ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی اور سندھ کے تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے کل کھلے رہیں گے۔
یاد رہے اسکول ایسوسی ایشنز کی گرینڈ الائنس نے 9 جنوری کو سندھ بھر میں نجی اسکولوں اور کالجوں کی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے رہنماؤں نے اینٹی کرپشن کی جانب سے اسکولوں میں جاری تصدیقی کارروائیوں پر شدید خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا بنیادی پیمانہ تعلیم ہے، لیکن بدقسمتی سے سندھ میں لاکھوں بچے آج بھی اسکول سے باہر ہیں، ایسے میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود کم فیسوں میں لاکھوں بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور سماجی ذمہ داری کے تحت فری شپ بھی دے رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں کہا گیا تھا کہ معزز سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے 8 دسمبر 2025 کے فیصلے کے تحت ریجنل ڈائریکٹرز کی جانب سے جمع کرائی گئی فری شپ فہرستوں کی تصدیق کے لیے اینٹی کرپشن کو ذمہ داری دی گئی، جس کے بعد اینٹی کرپشن ٹیموں نے براہِ راست اسکولوں میں جا کر معائنے شروع کر دیے۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ عمل سندھ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2013 کے خلاف ہے کیونکہ اس قانون کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ہی واحد مجاز ریگولیٹری اتھارٹی ہے، لہٰذا کسی دوسرے ادارے کی اس نوعیت کی مداخلت غیر قانونی اور غیر ضروری ہے۔
مقررین نے بتایا تھا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری تصدیقی عمل کو روکنے کے لیے معزز عدالت میں نئی درخواست دائر کی جائے گی، جبکہ 6 سے 8 جنوری تک سندھ کے تمام اضلاع میں والدین اور اسکول انتظامیہ کے مشترکہ احتجاجی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
مزیدپڑھیں:گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ


