اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کمرشل بینکوں سے قرضوں کے حصول کے طریقہ کو آسان بنانے کی ہدایت کردی اور کہا نوجوانوں کو کاروبار کی تربیت دی جائے تاکہ معاشی سرگرمیاں بڑھیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں مالیاتی شمولیت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)، اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کسانوں کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور تمام صوبوں و علاقوں کے چیف سیکریٹریز شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی کہ بینکنگ سیکٹر کے ذریعے ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعظم نے زراعت میں جدت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زرعی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر کریڈٹ کی سہولت فراہم کی جائے، ترقی یافتہ معیشتوں میں ایس ایم ایز معیشت اور صنعت کی بنیاد سمجھی جاتی ہیں۔
وزیراعظم نے نئے کاروبار کے آغاز اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہدایت کی نوجوانوں کوکاروبارکی تربیت دی جائےتاکہ معاشی سرگرمیاں بڑھیں۔
انہوں نے معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کی ٹیم کو ہدایت دی کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں کا دورہ کرکے ایس ایم ایز کے لیے ایک جامع اور ہمہ گیر پالیسی مرتب کی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجی شعبے، بالخصوص ایس ایم ایز اور چھوٹے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس پیش رفت کی خود نگرانی کریں گے اور قرضوں کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجی شعبے کے قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2021-22 کے مقابلے میں دسمبر 2025 تک قرض لینے والوں کی تعداد دگنی ہو کر 3 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ قرضوں کا مجموعی حجم 1.1 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے چھوٹے کسانوں کی سہولت کے لیے مکمل طور پر ڈیجیٹل زرخیز ایپ لانچ کر دی ہے۔ ایس ایم ایز کے لیے مالیاتی انتظام اور آگاہی سے متعلق تربیتی پروگرام بھی جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ جدید زرعی مشینری کے لیے سروس فراہم کرنے والوں کو قرض دینے کا پروگرام پنجاب میں پہلے ہی فعال ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور تمام صوبوں و علاقوں کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔
مزیدپڑھیں:فریال تالپور کے گھر خوشی کا سماں،بیٹی رشتہ ازدواج میں منسلک

