لاہور (نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی فضائی کمپنیوں نے عمرہ زائرین کے لیے کرایوں میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پہلے عشرے میں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث بزنس کلاس کا کرایہ 5 لاکھ روپے کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکانومی اور اکانومی پلس کلاس کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو ایک لاکھ 30 سے 40 ہزار روپے سے بڑھ کر اب ایک لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ بزنس کلاس کا سابقہ کرایہ سوا 4 سے ساڑھے 4 لاکھ روپے تھا، جو اب 5 لاکھ روپے ہو چکا ہے۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ ایوب نسیم کے مطابق تمام ایئر لائنوں کی بکنگ فل ہے، جس کی وجہ سے نئی بکنگ ملنا مشکل ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر لائنز کی جانب سے خالی رہ جانے والی نشستوں کے کرایوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، اور ٹریول ایجنٹس وہی کرایہ وصول کر رہے ہیں جو ایئر لائنز نے مقرر کیا ہے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رمضان کے دوسرے اور تیسرے عشرے میں عمرہ زائرین کے رش کی وجہ سے کرایوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:رمضان المبارک میں ان تنظیموں کو عطیات نہ دیں، اہم ہدایات جاری




