لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان پوسٹ کے ذریعے بجلی بل جمع کرانے کی سہولت ختم ہوگئی ، جس کے پیش نظر صارفین کے لیے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پوسٹ نے بجلی کے بل جمع کرانے کی سہولت ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا، جس سے خصوصاً لیسکو کے صارفین متاثر ہوں گے۔
لیسکو حکام نے کہا کہ یہ فیصلہ بلنگ نظام کو جدید بنانے، کارکردگی بہتر کرنے اور صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، اس اقدام کے ذریعے روایتی طریقۂ کار سے ہٹ کر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دیا جائے گا۔
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت بلوں کی ادائیگی کے لیے متبادل ذرائع استعمال کریں، جن میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی، بینک ٹرانسفر، آن لائن پورٹلز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
لیسکو کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ کے ذریعے ادائیگی کا خاتمہ بجلی کی فراہمی یا بلوں کے اجرا پر اثر انداز نہیں ہوگا، اور صارفین پہلے کی طرح بل وصول کرتے رہیں گے۔
حکام نے کہا اس تبدیلی کا مقصد ادائیگی کے نظام کو تیز، محفوظ اور شفاف بنانا ہے، جبکہ صارفین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تاخیر سے بچنے کے لیے الیکٹرانک ذرائع اختیار کریں۔
یہ اقدام پاکستان میں یوٹیلیٹی سروسز کے شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن اور کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جس سے مستقبل میں مزید جدید سہولیات متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگی۔
مزیدپڑھیں:پاکستانی فری لانسرز نے تاریخ رقم کر دی




