اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خلیجی خطے میں کشیدہ صورتحال اور ملک میں کفایت شعاری پالیسی کے پیش نظر 23 مارچ کو منعقد ہونے والی یومِ پاکستان کی مسلح افواج کی پریڈ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایوانِ صدر اور وزیراعظم ہاؤس کے درمیان مشاورت کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت نہ صرف پریڈ بلکہ ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی اعلیٰ سول اور فوجی اعزازات کی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومتی سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو ترجیح دی جا رہی ہے، اسی تناظر میں تقریبات کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ یومِ پاکستان کی تقریبات کے لیے نئی تاریخ باہمی مشاورت سے طے کی جائے گی، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تقریبات اپریل کے آخری ہفتے میں منعقد کی جائیں گی۔حکام کے مطابق حالات معمول پر آنے اور مناسب انتظامات کے بعد نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:سری لنکا میں ہر بدھ کو عام تعطیل، ایندھن کی بچت کیلئے نئے اقدامات




