کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں تیز ہواؤں اور بارش کے دوران شہریوں کو خصوصی احتیاط کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ کے-الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق خراب موسم میں برقی آلات کا غیر محتاط استعمال سنگین حادثات کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے شہری خاص طور پر محتاط رہیں۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر یا دیگر برقی آلات کا استعمال نہایت خطرناک ہو سکتا ہے، جو جان لیوا حادثات کو جنم دے سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹی وی اور انٹرنیٹ کی کیبلز، ٹوٹے ہوئے تاروں اور بجلی کی ترسیلی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید کہا گیا کہ غیر قانونی طریقوں سے بجلی حاصل کرنا، کنڈے لگانا اور غیر محفوظ کنکشنز نہ صرف قانوناً جرم ہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید خطرہ ہیں۔ ایسے اقدامات اکثر حادثات اور جانی نقصان کا سبب بنتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ادارہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

