پشاور(نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کھٹائی میں پڑگئی، عالمی بینک قرض کی فراہمی روک دی۔
خیبر پختونخوا حکومت کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام “اپنی چھت اپنا گھر” کو شدید دھچکا لگا ہے، جہاں اہداف پورے نہ ہونے کے باعث عالمی بینک کی جانب سے 25 ارب روپے (90 ملین ڈالر) کے قرض کی فراہمی روک دی گئی ہے۔
فنڈز کی عدم دستیابی سے صوبے بھر میں سستے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات میں بتایا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے ‘ڈسبرسمنٹ لنکڈ رزلٹس’ (DLR) سسٹم کے تحت جاری ہونے والی رقم درج ذیل وجوہات کی بنا پر جاری نہ ہو سکی جبکہ سال 2024 کے لیے مختص 44 ملین ڈالر اہداف پورے نہ ہونے کی وجہ سے تاحال موصول نہیں ہو سکے۔
رواں مالی سال کے لیے مختص مزید 52 ملین ڈالر کی رقم بھی التوا کا شکار ہے، جس سے منصوبے کی رفتار مزید سست ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسکیم کی راہ میں کئی بڑی رکاوٹیں حائل ہیں، ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے مطلوبہ زمین کی عدم دستیابی ایک بڑا مسئلہ بن کر ابھری ہے جبکہ متعلقہ اداروں سے ماحولیاتی منظوریوں میں تاخیر نے تعمیراتی کام کی رفتار کو متاثر کیا ہے۔
دستاویزات میں خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کی محدود ادارہ جاتی صلاحیت کو بھی منصوبے کی تکمیل میں بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک انتظامی کارکردگی میں بہتری اور منظوریوں کے عمل کو تیز نہیں کیا جاتا، کم آمدنی والے طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی کا خواب پورا ہونا مشکل نظر آتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ اسکیم صوبے بھر میں گھروں کی قلت کو دور کرنے اور شہریوں کو سستی رہائش فراہم کرنے کے حکومتی عزم کے تحت شروع کی گئی تھی، تاہم حالیہ مالی بحران نے اس کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔
مزیدپڑھیں:اسکول کے طلبا کے لئے لیپ ٹاپ اسکیم اور سستا انٹرنیٹ ، بڑی خوشخبری آگئی
