Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

پیٹرول مہنگا! موٹر سائیکل سوار 2000 روپے نقد کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

کراچی(نیوز ڈیسک)پیٹرول بم گرنے کے بعد سندھ حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2000 روپے دینے کا اعلان کردیا ، تاہم رقم کیسے حاصل کی جاسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کے لیے بڑی خوشخبری سنادی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومتِ سندھ ہر موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 2,000 روپے فیول سبسڈی فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے سبسڈی حاصل کرنے کے طریقہ کے حوالے سے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت رقم کی منتقلی کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ جلد ایک موبائل ایپلی کیشن لانچ کرے گا، جہاں شہری اپنا شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ (IBAN) نمبر درج کر کے رقم حاصل کر سکیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل مالکان کو اس ایپ میں اپنا شناختی کارڈ (CNIC) نمبر درج کرنا ہوگا، جس کے ذریعے سسٹم خودکار طریقے سے تصدیق کرے گا کہ گاڑی درخواست گزار کے نام پر رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ اگر موٹر سائیکل مالک کے نام پر نہیں ہوگی تو وہ سبسڈی کے لیے اہل نہیں ہوگا۔ وہ تمام افراد جنہوں نے موٹر سائیکل خرید لی ہے لیکن اپنے نام ٹرانسفر نہیں کرائی، وہ 15 دن کے اندر اسے مفت ٹرانسفر کروا سکتے ہیں تاکہ شہری فوری طور پر گاڑی اپنے نام منتقل کروا سکیں۔

حکومت نے ٹرانسفر فیس ختم کر دی ہے تاکہ صرف اصل مالکان کو ہی سبسڈی مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ سبسڈی کی 15 سے 20 اپریل کے درمیان یہ رقوم اکاونٹس میں منتقل کر دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت کو “مشکل فیصلے” کرنے پڑے، لیکن یہ سبسڈی عام شہریوں کو ریلیف دینے کی ایک کوشش ہے۔

مرادعی شاہ کا کہنا تھا کہ انٹراسٹی اور انٹرسٹی مسافر بسوں کو 1 لاکھ 40 ہزار روپے فی بس سبسڈی دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد بسوں کے کرایوں کو مستحکم رکھنا ہے؛ سبسڈی لینے والی بسیں کرایہ بڑھانے کی مجاز نہیں ہوں گی۔ تاہم، یہ سہولت گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باعث قیمتیں بڑھانا ناگزیر تھا، تاہم انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرول پر کسٹم ڈیوٹی اور لیوی ختم کرے تاکہ عوام کو براہِ راست فائدہ مل سکے۔
مزیدپڑھیں:نبیل گبول کا دھرندھر کے ’جمیل جمالی‘ کے لیے پیغام وائرل

یہ بھی پڑھیں