اسلام آباد: حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی جلد ممکن ہے، بشرطیکہ خلیجی صورتحال بہتر ہو جائے اور بیرونی دباؤ کم ہو جائے۔
یہ یقین دہانی پارلیمنٹ ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے دوران کرائی گئی، جس کی صدارت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی۔
اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اہم رہنما شریک ہوئے، جہاں حالیہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
حکام کے مطابق قیمتوں میں اضافہ غیر معمولی عالمی حالات کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بریفنگ دی۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وزراء نے بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی عالمی دباؤ کے اثرات کو کم کرنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ اتحادی جماعتوں نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کی حمایت کی۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحدہ سیاسی حکمت عملی ضروری ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ حالات معمول پر آتے ہی پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کی جائے گی، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
