Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

نادرا کی وارننگ: شناختی کارڈ کی بروقت تجدید نہ کرانے پر جرمانے کا امکان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ایکسپائر ہو چکے اسمارٹ شناختی کارڈز کی فوری تجدید کرائیں، ورنہ جون کے بعد لیٹ فیس اور اضافی جرمانوں کا نفاذ شروع کیا جا سکتا ہے۔

نادرا کے مطابق موجودہ قوانین کے تحت شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد اس کی تجدید پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، تاہم عوامی سہولت کے پیش نظر یہ عمل عارضی طور پر مؤخر رکھا گیا تھا۔ اب امکان ہے کہ آئندہ ماہ سے اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

ادارے نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 2 کروڑ 74 لاکھ شناختی دستاویزات ایسی ہیں جن کی مدت ختم ہو چکی ہے، جبکہ اس میں اوورسیز پاکستانی کارڈز اور بچوں کے سرٹیفکیٹس بھی شامل ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ زائد المیعاد شناختی کارڈ رکھنے کی صورت میں شہریوں کو بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز، اور دیگر سرکاری و نجی خدمات کے استعمال میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح حکومتی امدادی پروگراموں اور سبسڈی اسکیموں تک رسائی بھی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ جائیداد اور گاڑیوں کی منتقلی جیسے امور میں بھی مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

ٹیلی کمیونیکیشن حکام کے تعاون سے حاصل معلومات کے مطابق لاکھوں زائد المیعاد شناختی کارڈز کے تحت کئی موبائل سمز فعال ہیں، جنہیں کسی بھی وقت بند کیا جا سکتا ہے۔

نادرا نے والدین کو بھی یاد دہانی کرائی ہے کہ جن کے بچے 18 سال کی عمر مکمل کر چکے ہیں مگر انہوں نے ابھی تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا، وہ فوری رجسٹریشن کروائیں۔

ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے جلد از جلد قریبی نادرا دفتر یا آن لائن سروسز کے ذریعے اپنی دستاویزات کی تجدید یقینی بنائیں۔
مزیدپڑھیں:ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف مبینہ ٹیکس بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع

یہ بھی پڑھیں