Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

آبنائے ہرمز کی بندش: یورپ میں جیٹ فیول بحران، پروازوں میں خلل کا خدشہ

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی ایوی ایشن سیکٹر شدید دباؤ کا شکار ہو گیا ہے، جبکہ یورپ میں جیٹ فیول کی ممکنہ قلت پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔

یورپی ایئرپورٹس کی نمائندہ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ حالات برقرار رہے تو آئندہ چند ہفتوں میں ایندھن کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں موسمِ گرما کے دوران پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا امکان پیدا ہو جائے گا۔

ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل (ACI) کے مطابق یورپی یونین کے پاس محدود مقدار میں جیٹ فیول ذخیرہ موجود ہے، اور اگر سپلائی چین بحال نہ ہوئی تو صورتحال سنگین صورت اختیار کر سکتی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی اور سپلائی میں رکاوٹ کے بعد عالمی منڈی میں تیل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس نے ایئرلائنز کے اخراجات بڑھا دیے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جیٹ فیول کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ چکی ہیں، جبکہ یورپ اور ایشیا سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خطوں میں شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایندھن کی فراہمی جلد معمول پر نہ آئی تو نہ صرف فلائٹ آپریشن متاثر ہوگا بلکہ عالمی سفری صنعت کو بھی بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں